پونچھ// پانی کی قلت پر پونچھ جموں شاہراہ پرواقع کنوئیاں علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اس دوران مظاہرین نے اپنے گھروں کے برتن اٹھا کر کنوئیاں چوک میں لا کر رکھ دیئے اور مینڈھر، جھلاس اور جموں پونچھ سڑک پر مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کر کے گاڑیوں کی آمدورفت پر قدغن لگادی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اکبر دیدڑنے کہا کہ وہ لوگ پچھلے کئی روز سے پانی سے محروم ہیں اور بارہا محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کر چکے ہیںلیکن پھر بھی سپلائی نہیں دی جارہی ۔انہوںنے بتایاکہ حالیہ بارشوں کے دوران علاقہ کی عوام کو پانی فرا ہم کرنے کے لئے بچھائی گئی پانی کی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے جسے بدقسمتی سے ٹھیک نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ پانی کی سپلائی بند ہونے پر انسان ہی نہیں بلکہ مویشی بھی پیاس سے بلک رہے ہیں اور انہیں پینے کا پانی بہت دور سے لاناپڑرہاہے ۔ کلدیپ راج نے کہاکہ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور محکمہ خواب غفلت میں ہے ۔انہوںنے اپیل کی کہ فوری طور پر اقدامات کرکے پانی کی سپلائی کو بحال کیاجائے ۔یہ مظاہرہ ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر افسران کی ایک ٹیم پہنچی جس نے سپلائی جلد بحال کرنے کا یقین دلاکر احتجاج ختم کرایا۔