لاہور، 11 اپریل (یو این آئی )پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے یونس خان کا ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ درست نہیں ہے ، 39 سال کے یونس ابھی مزید دو تین سال کھیل سکتے ہیں۔عامر سہیل کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد مصباح الحق کی جگہ قیادت یونس خان کے سپرد کر کے وکٹ کیپر سرفراز احمد پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے اسے بہتر انداز میں تیار کرنا چاہیے ۔ 50 برس کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ یونس خان کے اس طرح ٹیم کو چھوڑ کر چلے جا نے سے ٹیسٹ ٹیم متاثر ہو گی۔انہوں نے اس کا ذمہ دار ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیابیوں کے اعتبار سے ضرور مصباح کو سراہا جانا چاہیے ، لیکن ٹیم بنانے میں مصباح الحق کا کوئی کردار نہیں۔2015 میں مصباح نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑی تو ٹیم ساتویں نمبر پر تھی، اب وہ ٹیسٹ ٹیم کو چھٹے نمبر پر چھوڑ کر جا رہے ہیں، موجودہ ٹیم میں نا اوپنرز کے مستقبل کا پتہ ہے نا بولنگ اٹیک موثر ہاتھوں میں ہے ۔سابق کپتان ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت اظہر علی کو دئیے جانے اور مصباح الحق کی جانب سے ان کے حق میں دئیے جانے والے بیان پر سخت نالاں ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ پی سی بی رہنے والے عامر سہیل نے کہا کہ وہ مصباح الحق کی بہت عزت کرتے ہیں، لیکن یہ وہ چند باتیں، جن میں مصباح الحق نے پی سی بی کا ساتھ دے کر قومی ٹیم کو نقصان پہنچایا۔(یو این آئی)