تہران //ایران میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امیدوار ہفتہ تک اپنے کاغذات جمع کروا سکتے ہیں۔ مذہبی راہنماؤں پر مبنی شوریٰ نگہبان ان کاغذات کا جانچ پڑتال کر کے 27 اپریل تک حتمی فہرست جاری کرے گی، صدارتی انتخابات 19 مئی کو ہوں گے۔موجودہ صدر حسن روحانی آئندہ چار سالہ مدت کے لیے انتخاب میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ گو کہ انھوں نے اس دوڑ میں شریک ہونے کا تاحال اعلان تو نہیں کیا لیکن ان کے قریبی ساتھیوں کی طرف سے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ وہ آئندہ مدت کے لیے انتخاب لڑنے کی کوشش کریں گے۔پیر کو تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر روحانی نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کو دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے عوام کی خوشحالی کو فروغ دینے میں مدد کی۔لیکن اس موقع پر بھی 68 سالہ صدر نے آئندہ انتخاب میں حصہ لینے کی بابت کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ "ایران ایک خوشحال ملک ہے اور یقینی طور پر آنے والے سالوں میں یہ مزید بہتر ہوگا۔"صدر روحانی نے اقتصادی، توانائی، صحت عامہ، ثقافت اور امور داخلہ کے شعبے میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غریبوں کی زندگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ غیر مراعات یافتہ طبقے کی بھلائی کے لیے کام کیا۔تاہم یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایران کو حالیہ برسوں میں انسانی حقوق کی "ابتر صورتحال" اور آبادی کے ایک بڑے حصے کی انٹرنیٹ تک رسائی پر قدغن کے باعث تنقید کا سامنا رہا ہے۔