چھاترو// تعلیمی زون اندروال کے رہبر تعلیم اساتذہ کی بند پڑی تنخواہوں کو واگزار نہ کئے جانے کے خلاف اساتذہ کی کام چھوڑ ہرتال کا اثر سب ڈویژن چھاترو کی تحصیل مغلمیدان اور تحصیل چھاترو میں بھی صاف طور پر دکھائی دیا۔ کئی اسکولوں سے طلبا کو واپس گھروں کو لوٹنا پڑا جبکہ کئی دیگر اسکولوں پر بھی درس و تدریس کا سلسلہ متاثر رہا۔ قابل ذکر ہے کہ ایس ایس اے تحت اساتذہ نے ریاستی رہبر تعلیم فورم کی جانب سے تالا بند کال کی حمایت کر کے کال کو کامیاب بنا کر متعلقہ محکمہ و حکومت پر دباؤ بنایا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی زون اندروال میں ایس ایس اے کے تحت اساتذہ گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث اساتذہ سخت ترین مشکلات سے دوچار ہیں زونل صدر اندروال غلام حسن بٹ نے کہا کہ اساتذہ تنخواہوں کی عدم فراہمی سے سخت پریشان ہیں ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ تن دہی اور ایمانداری سے اپنا فریضہ انجام دے رہے ہیں لیکن سرکار ان کی تنخواہیں واگزار کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے نتیجے میں اساتذہ اس وقت فاقہ کشی کا شکار ہیں اور سخت مشکلات میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے اساتذہ کی تنخواہوں کو واگزار نہ کئے جانے پر سرکار کی سخت نکتہ چینی کی اور افسوس کا اظہار کیا انہوں نے ہرتال کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہ اگر سرکار نے اساتذہ کی بند پڑی تنخواہوں کو فوری طور پر واگزار نہیں کیا تو اساتذہ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین ارشاد احمد جنرل سیکرٹری اشوک کمار سینئر نائب صدر سعید امتیاز احمد نے بھی خطاب کیا۔