پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پینتھرس پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری زورآور سنگھ شہباز نے کہا ہے کہ کسانوں کی ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی آج کہا ں ہے؟۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے تمام ریاستوں میں اپنے انتخابی ایجنڈے میں سرفہرست تحریر کیا تھا کہ وہ کسانوں کے تمام قرضے معاف کریں گے لیکن اقتدار میں آتے ہی وہ کسانوں کو بھول گئی ہے۔نیشنل پینتھرس پارٹی کی جانب سے منعقد ہ اجلاس کے دوران دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی صرف کرسی حاصل کرنے کی دوڑ میںرہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیری حکمرانون کی کٹھ پتلی ثابت ہوکر ان کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اورریاست کے کسانوں کے ساتھ ناانصافیاں جاری ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر یہی حال رہا تو نیشنل پینتھرس پارٹی کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے کسانوں کے قرضے معاف کئے جائیں۔اس دوران جن مقررین نے خطاب کیا ان میں ٹھاکر رام سنگھ، سرجیت سنگھ کوچڑ،راجہ شریف خان، چندر شیکھر،منظور حسین ،آسم خان،محمد شریف،قاضی سجاد حسین،شفاعت حسین،سجاد احمد،عباس اعوان شامل ہیں۔