نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ایک سال میں کشمیر پوری طرح سے بدل جائیگا ۔انہوں نے سنگبازی کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سنگبازوں کو سنگین نتائج بھگتنے ہونگے ۔ ممبئی میں ایک تقریب کے حاشئے پر گفتگو کے دوران راجناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر کی زمینی صورتحال ایک سال میں تبدیل ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا’’آپ ایک سال میں بدلتا ہوا کشمیر دیکھیں گے‘‘۔تاہم انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں کتنی تبدیلی آئے گی ، وہ کوئی معاملہ نہیں ہے۔ راجنا تھ سنگھ نے کہا’’ایک سال میں کشمیر میں کتنی تبدیلی آئے گی لیکن میں یہ یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ کشمیر میں ضرور تبدیلی آئے گی‘‘۔ ڈاکٹرفاروق کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق کو سنگبازی کی حمایت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اسے انکی (سنگبازوں) کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنگبازی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی نوجوان اپنے مادر وطن کیلئے جانوں کا نظرانہ پیش کرتے ہیں اور وہ کسی عہدے کیلئے پتھر بازی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا تھا کہ سڑکوں پر پتھر بازی کرنے والے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں ۔ راجناتھ سنگھ نے سنگبازی کے حوالے سے بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کی جانب سے دئیے گئے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل کا بیان صحیح سمت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگبازوں سے سختی کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جو بھی فوج و فورسز کی ڈیوٹیوں یا کارروائیوں میں کشمیر کے اندر رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا اسکے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائیگا۔ راجنا تھ سنگھ نے کہا’’سنگبازی کرنے والو ں کو سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے‘‘