سرینگر//جمعیت اہلحدیث اور جمعیت ہمدانیہ نے کہا ہے کہ وادی لا قانونیت کی زد میں ہے اور آئے روز معصوم نوجوانوں کا لہو بے دریغ بہا یا جارہا ہے جو تشویشناک معاملہ ہے۔ جمعیت اہلحدیث وفود نے دولت پورہ چاڈورہ اور بارسو گاندربل میں فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین سے اُن کے گھر وں میں جاکر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ابھی 2016 کے زخم بھر ے ہی کہاں تھے کہ ایک بار پھر توپ و تفنگ کے دھانے کھول کر ہمارے عزیزوں کو ہم سے چھین لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے غبارے سے ہوا نکل گئی اور آزادی ¿ تحریر وتقریر کے نعروں کا بھر م ٹوٹ کے رہ گیا ۔وفود میں مولانا محمد یوسف ڈار ، نصر اللہ بٹ ، محمد یونس میر ، فاروق احمد پشو ، فیاض احمد وانی اور منظور احمدشامل تھے۔ جمعیت ہمدانیہ نے 9اپریل کو وسطی کشمیر میں پیش آئے خونین واقعات کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت بے نقاب ہوئی ۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کشمیری نوجوانوں کی لگاتار قتل و غارت اور لوٹ مار جاری رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کیا ۔انہوںنے مرحومین کے سوگواران اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے فورسز کی طرف سے طاقت کے استعمال پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کا خون بہانا فورسز کا مشغلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر اس غم میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباو¿ ڈال کر کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی روک دیں ۔