کٹھوعہ//ٹریفک محکمہ نے لکھنپور ٹول پوسٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں ٹریفک کی گنجانیت پر قابو پانے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کیا۔ اس سلسلے میں آئی جی پی ٹریفک جگجیت کمار کی صدارت میں لکھنپور میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے متعلقین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں ڈی سی ایکسائز راجیش شرما، ڈی سی سیلز ٹیکس پنیت شرما، ایس ایس پی کٹھوعہ پون پریہار، ایس پی ٹریفک رورل جموں شاہین واحد ، ڈی ایس پی ٹریفک سانبہ / کٹھوعہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں لکھنپو میں ٹریفک کی گنجانیت پر قابو پانے کے لئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد یہ بات محسوس کی گئی کہ ریاست میں بڑی گاڑیوں کے داخلے اور لکھنپو ر میں پارکنگ کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور اپنی گاڑیاں لکھنپور پُل پر پارک کرتے ہیں ۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ پُل پر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور گاڑیوں کو پارکنگ یارڈ میں پارک کرنے کے لئے کہا جائے گا۔ایس ایچ او سجان پور کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایکسائز محکمہ / جموں وکشمیر ٹریفک پولیس کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد بڑی گاڑیوں کو بیچ میں لکھنپور کی جانب آنے کی اجازت دیں۔ٹریفک کی گنجانیت پر قابو پانے کے لئے لکھنپو ر میں موزون مقامات پر ایسی گاڑیوں کو تعینا ت کیا جائے گا جن میں پبلک ایڈریس سسٹم نصب کیا گیا ہوگا۔ریاست کی جانب آنے والی گاڑیوں کے لئے مادھو پور میں پارکنگ کے امکانات کا ایس ایچ او سجان پور جائزہ لیں گے اور اسی طرح لکھنپو ر میں پارکنگ کی جگہ کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کا کام ایس ایس پی کٹھوعہ کو سونپا گیا ہے۔ایکسائز اینڈ سیلز ٹیکس محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ لکھنپو ر میں موجودہ ایجنٹ سسٹم پر نظر ثانی کریں۔میٹنگ میںفیصلہ لیا گیا کہ لکھنپور سے ایک کلومیٹر پہلے ٹریفک کونزنصب کئے جائیں گے تاکہ بڑی گاڑیاں ایک ہی قطار میں اپنی پارکنگ کرسکیں اور لکھنپور بازار میں ٹریفک جامنگ نہ ہو۔لکھنپور میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے ٹریفک پولیس کا مزید عملہ تعینات کیا جائے گا۔