جموں //جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریاست کو اقتصادی خوشحالی کی ایک ڈگر پر گامزن کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں اور حکومت زمینی سطح پر مثبت تبدیلی لانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی عمل کو دوام حاصل ہوگا۔گاندھی نگر حلقے کے کئی علاقوں میں اندرونی سڑکوں اور ڈرینوں کا معائینہ کرنے کے بعد لوگوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ بہتر حکمرانی کا فائدہ براہِ راست عام لوگوں تک پہنچتا ہے۔اُنہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ مختص رقومات کو منصفانہ ڈھنگ سے استعما ل کر کے ترقیاتی کاموں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کریں تاکہ ریاست کی مجموعی ترقی یقینی بن سکے۔کویندر گپتا نے مزید کہاکہ حکومت لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس دوران بنیادی سہولیات کی دستیابی کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ لوگ بذاتِ خود اپنے ترقیاتی مسائل حکومت کے سامنے لاسکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی کاموں اور پروگراموں کی عمل آوری پر کڑی نظر رکھیں۔ان کے ہمراہ ایس ڈی ساوتھ سونو پرگل اور مختلف محکموںکے اعلیٰ افسران بھی تھے۔