راجوری //پی جی کالج راجوری کے طلباء نے کشمیرمیں 9اپریل کو سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہوئی شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر طلباء نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ’’کشمیرکے نوجوانو آگے بڑھو۔ہمارے تمہارے ساتھ ہیں‘‘،’’سب نعروں پہ ایک بھاری ۔ ہمارا حق رائے شماری ‘‘اور’’ہم کیاچاہتے ۔ رائے شماری ‘‘کے نعرے بھی بلند کئے ۔مظاہرین نے مرکزی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس نے کشمیری میں خون کی ہولی شروع کررکھی ہے اور بے گناہ شہریوں کو ماراجارہاہے ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے چوہدری بلال احمد نے کہاکہ کشمیر بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے فوری طور پر نئی دہلی پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرے ۔ثاقب ملک نے حالیہ ہلاکتوں کو سرکاری دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہاکہ وادی کے لوگوں کو دھونس دبائو سے رکھاجارہاہے ۔ انہوںنے کشمیری عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ایک اور طالب علم عاقب وانی نے عالمی طاقتوں پر زور دیاکہ وہ کشمیری میں ہورہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور جیلوں میں بھرے گئے لوگوں کو رہاکیاجائے ۔ یہ احتجاج پرامن طور پر کیاگیا ۔ اس موقعہ پر اظہر چوہدری ، افتخار ملک ، طارق چوہدری ، انیس لودھی اور دیگران بھی موجود تھے ۔