راجوری //منجاکوٹ کے سرکاری اسکولوں میں مفت کتابیں اوروردیاں تقسیم کی گئیں۔ گورنمنٹ مڈل اسکول موالکہ میں ہیڈمسز زینب خاتون نے بچوں میں مفت سرکاری کتابیں تقسیم کرائیں ۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی سماجی کارکن غلام مصطفٰے خان تھے ۔انہوںنے کہا کہ سرکارکی طرف سے مفت تعلیم کے ساتھ کتابیں اور وردیاں بھی دینے شروع کی ہیں جو ایک اچھی پہل ہے جس سے غریب اور پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء کو راحت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کے ساتھ بچوں کی تربیت ایک خاص معنی رکھتی ہے جس کے لئے متعلقہ اسکولی عملہ بہتر اور احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے ۔غلام مصطفی نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ سرکار ی اسکولوں کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے ساتھ فضول پیسہ خرچ کرنے سے پرہیز کریں۔اس موقعہ پر حکیم خان، بدر حسین ، تنویر احمد ، مرتضیٰ خان وغیرہ بھی موجود تھے۔