سُرنکوٹ//قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئر مین جہانگیر حُسین میر نے موضع اپّر سنئی میں تحفظِ ناموسِ رسالت کانفرنس میں بولتے ہوئے کہا کہ سادگی اور امن پسند ی کا راز صرف احیائے سُنّت میں ہی مضمر ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام ؐکی سیرتِ مبارکہ سے ہمیں عِلم نافعہ اور عملِ صالح کی تلقین مِلتی ہے جو آج کے پُر آشوب دور وقت کی اہم ضرورت معلوم ہوتی ہے۔ موصوف نے اس دور دراز علاقہ میں تحفظ ناموسِ رسالت کانفرنس کانفرنس کے انعقاد اور مدرسے کا سنگِ بُنیاد رکھنے پر مولانا غُلام رسول ناطق اور اُن کے رُفقاء کو مبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ درس و تدریس سے ہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں اور خاص طور پر دور دراز علاقوں میں جہاں درس و تدریس کا کافی فُقدان پایا جاتا ہے، ایسے مدرسے قائم کرنے سے وہاں کے عوام و خواص کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ اُنہوں نے خاص طور پر خواتین کو عِلم کے زیور سے آراستہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ دُنیا ’بیٹی پڑھائو، بیٹی بچائو‘ جیسی حقیقت سے آج آشنا ہو رہی ہے لیکن رسولِ کائنات ؐ نے پہلے ہی اس طرف واضح حُکم فرمادیا ہے۔ ڈپٹی چیئر مین نے کہا کہ اس علاقہ کی قُدرتی خوبصورتی اور ماحول کافی حد تک محفوظ ہے اور اس گائوں کے افراد کا یہ خُوبصورت عمل دیگر علاقوں تک بھی منتقل ہونا چاہیے تاکہ اُن علاقوں میں بھی قُدرتی ماحول کی حفاظت کی جا سکے۔ اُنہوں نے اس بات کی حاضرین سے تلقین کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف و سُتھرا بنائے رکھیں کیوں کہ فرمانَ مصطفیٰ ؐ کے مطابق صفائی نصف ایمان ہے۔ موصوف نے کہا کہ ہماری دُنیا و آخرت کی بقاء نبی ِ آخر الزماںؐ کی سیرتِ مبارکہ کو صحیح طور میں اپنانے میں ہے نہ کہ منانے میں۔