سرنکوٹ //قصبہ سرنکوٹ میں ہر روز لگنے والے ٹریفک جام کی وجہ سے ہر خاص و پریشان ہوناپڑتاتھا۔اس سلسلہ میں عوام کی جانب سے کئی بار انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا تھاکہ اس پریشانی سے نجات دلائی جائے اور بائی پاس سڑک تعمیر کی جائے ۔ بالآخر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک کی ہدایت پر محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر چوہدری مشتاق احمد نے سرنکوٹ بائی پاس سڑک کا سروے کیاتاکہ ٹریفک کے دبائو کو کم کیاجاسکے ۔سروے ہونے پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ سرنکوٹ قصبہ کے بازر سے گزرنے والی سڑک بہت پرانی اور تنگ ہے ،یہ اتنی پرانی سڑک ہے کہ جب گھنٹوں بعد اکا دکا گاڑی کاگزر ہوتاتھا تب بھی یہی روڈ تھی اور آج جب ہر سیکنڈ کے بعد گاڑی آتی جاتی ہے ،یہی سڑک ہے ۔لوگوں کاکہناہے کہ آج حالت یہ ہے کہ بیس کے قریب بسیں بس اڈہ پر کھڑی رہتی ہیں جبکہ سینکڑوں سومو اور ٹیمپو گاڑیاں بھی چھوٹے چھوٹے اڈوں پر ہوتی ہیں۔ان کاکہناہے کہ دوسری جانب مغل شاہراہ کی وجہ سے بھی ٹریفک کا دبائو بڑھ گیاہے ۔لوگوںنے اس امید کا اظہا رکیاہے کہ بائی پاس سڑک کی تعمیر جلد شروع کرکے پایہ تکمیل تک پہنچائی جائے گی ۔