سرینگر// ریاست میں جاری تشدد کے واقعات کے نتیجے میں سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے اور اسپتالوں میں بھرتی ہونے کے پیش نظر تحریک حریت نے ’’سید علی گیلانی بلڈ بینک‘‘کے بینئر تلے 15اپریل(سنیچر) کو حیدرپورہ میں خون کے عطیے کا کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو سپلائی کیا جائے گا، تاکہ ضرورت مند افراد کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔ یہ کیمپ صبح 10:30بجے سے دوپہر 3:00بجے تک کام کرے گا اور اس کی نگرانی سید علی گیلانی خود کریں گے۔ گیلانی نے نوجوانوں سے اس کیمپ میں خون عطیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انسانی زندگی قیمتی ہوتی ہے اور اس کو بچانے کی کوشش کرنا ہم پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بلڈ بینک میں جو خون جمع ہوتا ہے، وہ کسی خاص مذہب یا فرقے کے لوگوں کے لیے نہیں ہوتا ہے، بلکہ جو بھی کوئی ضرورت مند ہو اور اس کا تعلق خواہ کسی بھی مذہب سے ہو، وہ اس سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے اور ہماری خدمات ہمیشہ اس کے لیے دستیاب رہیں گی۔