اسلام آباد //پاکستان نے بھارت پرملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم اٹھایا جائیگا کیو نکہ یہ سرحدی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے،جس پر اقدام متحدہ کی قرار دادیں بھی موجود ہیں۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستانی دفتر خارجہ ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی فوج وفورسز نے کشمیر کی وادی کو خون سے نہلا دیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں14بے گناہ کشمیریوں کوجاں بحق کردیا گیا جبکہ200 سے زائد نہتے کشمیری زخمی ہوئے اور یہ سلسلہ مزید بڑھتا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھی بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان نے بھی کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیاجس پر اقدام متحدہ کی قرار دادیں بھی موجود ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور کلبھوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت سے عالمی برادری کو بھی آگاہ کیا جاچکا ہے جبکہ اس معاملے کو دوست ممالک سمیت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سامنے بھی اٹھایا گیا۔