سرینگر//مرکزی سرکار سے مزاحمتی خیمے کے بجائے مین اسٹریم جماعتوں سے بات چیت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی کے قومی ترجمان سنجے صراف نے کہا کہ مزاحمتی خیمہ ایک ہی نہج پر ہے تاہم مین اسٹریم کا مزاج اقتدار سے اندر اور باہر ہوکر تبدیل ہوتا ہے۔سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے صراف نے نوجوانوں کی لاشوں پر سیاست کرنے والے لیڈروں کو متنبہ کیا کہ اگر انہوں نے اپنی روش ترک نہیں کی تو وادی میں نوجوان نسل کا صفایا ہوگا۔انہوں نے نیشنل کانفرنس پر الزام عائدکرتے ہوئے کہا ’’ عمر بھر لوگوں کے احساست اور جذبات کو پامال کرنے والوں کو وطن پرستی کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا‘‘۔ سنجے صراف نے حالیہ ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح نوجوانوں کو سیاست کا ایندھن بنایا گیا تو ہمارا مستقبل ہی ختم ہوگا۔