ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار اور ایس ایس پی ڈوڈہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن دہلی کی طرف سے وقف کردہ دو افراط پذیر ( ہوا سے پھولنے والی) کشتیاں رضا کار تنظیم چناب ریسکیوورس کو سونپ دیں۔اس موقع پر سول اور پولیس انتظامیہ کے متعدد دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کی کوششوں سے زکوٰۃفاؤنڈیشن دہلی کی طرف سے یہ کشتیاں چند ماہ قبل فراہم کی تھیں تاکہ انہیں دریائے چناب میں انجام دی جانی والی بچاؤ کاروائیوں میں استعمال کیا جا سکے۔ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر گذشتہ سالوں میں کئی حادثات پیش آئے ہیں اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لیتا۔ دریائے چناب چوں کہ بگر سے کشتواڑ تک بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ کے متوازی بہتا ہے لہٰذا حادثات کا شکار ہونے اکثر گاڑیاں اور لوگ اس دریا میں ڈوب جاتے رہے ہیں جو بغلیہار ڈیم کی وجہ سے بٹوت سے پل ڈوڈہ تک ایک جھیل کی شکل اختیار کر چکا ہے۔مشتاق احمد شیخ کی قیادت میں چناب ریسکیو ٹیم کے رضاکاروں نے گذشتہ بیس برسوں کے دوران بہت ساری قیمتی انسانوں کو بچانے اور حادثات کا شکار ہونے والے سینکڑوں لوگوں کی لاشیں بازیاب کرنے میںکامیابی حاصل کی ہے۔یہ رضا کار سول اور پولیس انتظامیہ سے بچاؤ کاروائی میں کام آنے والے ضروری سامان فراہم کرنے کا مطالبہ بھی وقتا فوقتا کرتے رہے ہیں۔ ان کے اسی مطالبے پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کی کوششوں سے دو کشتیاں زکوٰۃفاؤنڈیشن دہلی نے فراہم کی ہیں جنہیں چناب ریسکیو ٹیم کے حوالہ کیا گیا ہے۔ ٹیم کے رضاکاروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی ڈوڈہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کشتیوں کی مدد سے وہ بچاؤ کاوارئی زیادہ بہتر طریقہ سے انجام دینے کے قابل ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گے اور انتظامیہ اور پولیس کو بھر پور مدد فراہم کریں گے۔