جموں //گورنر این این ووہرا نے ریاست کے سابق گورنر گریش چندر سکسینہ کے انتقال پر صدمے اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر نے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے آنجہانی کے روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ہے ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے سابق گورنر کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ وہ کل صبح نئی دلی میں انتقال کر گئے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے سابق گورنر کو ایک قابل منتظم قرار دیا جنہوں نے ریاست میں اپنے فرایض کی انجام دہی کے دوران انمٹ نقوش چھوڑے۔ محبوبہ مفتی نے ذاتی طور جی سی سکسینہ کے کنبے بالخصوص اُن کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ وہ عُرف عام میں گیری سکسینہ کے نام سے جانے جاتے تھے ۔ وہ دو مرتبہ ریاست کے گورنر رہے ۔ پہلی مرتبہ وہ 26 مئی 1990 سے12 مارچ 1993 تک گورنر رہے جبکہ دوسری مدت کیلئے انہوں نے 2 مئی 1998 سے 4 جون 2003 تک ریاست کے گورنر کی حثیت سے فرایض انجام دئیے ۔دریں اثناء نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاست کے سابق گورنر گریش چندر سکسینہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں نرمل سنگھ نے سوگوار کنبے سے تعزیت ظاہر کرتے ہوئے آنجہانی کے روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ہے ۔