جموں//یو این ڈی پی کی دو رُکنی ٹیم نے جموں میں کئی وزراء اور سرکاری افسروں کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست کے ترقیاتی منظر نامے سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر پریتی سونی اور روچی پنت پر مبنی اس ٹیم نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملانے میں ریاست کی مدد کرنے کے یو این ڈی پی کے عزم کو دوہرایا ۔ ٹیم نے پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، سماجی بہبود اور سائینس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون اور تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر کے ساتھ اعلیحدہ اعلیحدہ میٹنگیں کیں ۔ ٹیم نے وزراء کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ماتحت محکموں کے پروجیکٹوں کو موثر ڈھنگ سے عملانے اور لوگوں کی معیارِ زندگی میں بہتری لانے کیلئے اپنا بھر پور تعاون دیں گے ۔ اس سے پہلے ٹیم نے کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی ، ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم اور کئی دیگر افسران کے ساتھ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام ( انڈیا ) کی دو رُکنی ٹیم نے جموں میں ناظمِ اطلاعات ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے ساتھ ملاقات کی اور جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے عملائے جا رہے پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ یو این ڈی پی ان پروجیکٹوں کی موثر عمل آوری میں کس طرح کا رول ادا کر سکتا ہے ۔ اس ٹیم میں یو این ڈی پی کی ڈپٹی country ڈائریکٹر ڈاکٹر پریتی سونی اور پروگرام Analyst توانائی و ماحولیاتی یونٹ روپی پنت شامل تھیں ۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ کے دوران یو این ڈی پی کے مندوبین نے ریاستی حکومت کے ساتھ باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کا اعادہ کیا تا کہ اس ہمالیائی ریاست میں لوگوں کے روزگار کو بڑھاوا اور سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتری لائی جا سکے ۔