سرینگر//موسم خوشگوار ہوتے ہی جھیل ڈل کے کنارے اورزبرون پہاڑوں کے دامن میں واقع ایشیاء کے سب سے بڑے گل لالہ باغ (ٹولپ گارڈن)میں جہاں دن بہ دن سیاحوں اور مقامی سیلانیوں کا رش بڑھتا جارہا ہے وہیںفلم انڈسٹری کی جانب سے یہاں شوٹنگ ہورہی ہے اور جمعہ کو یہاں کئی گیتوں کو فلمایا گیا ۔ باغ میں سرخ، پیلے ، سنتری، جامنی، سفید، گلابی، طوطے ، پیلے، دو رنگی اور سہ رنگی پھولوں نے پہلے ہی چاروں اطراف دھنک کے رنگوں کے دلکش نظارے بکھیردئے ہیں۔ٹولپ گارڈن مقامی سیلانیوں کیساتھ ساتھ جہاں ملکی اور غیر ملکی سیاحوںکی پسندیدہ جگہ ہے وہیں بالی وڈ بھی اس باغ کی دلداد بن چکی ہے اور گذشتہ کئی برسوں کے دوران یہاں کئی فلموں کے گیت فلمائے گئے ۔ ٹیولپ گارڈن کو یکم اپریل کوسیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیا۔ باغ میں امسال 48 اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ پورے جوبن پرہیںاور امسال باغ گلہ لالہ سیاحوں کی سیر وتفریح کیلئے قریب ایک ماہ تک کھلا رکھا جائے گا۔محگمہ پھولبانی کو توقع ہے کہ ا امسال 3 لاکھ سے زائدسیاح باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آئیں گے۔