بانہال // تقریباً دو دہائیوں سے سعودی عرب کے شہر طائف میں دینی خدمات انجام دینے والے مالیگام ، پوگل بانہال کے رہنے والے شیخ رحمتہ اللہ بالی نے جمعہ کے خطبے اور نماز کے بعد کشمیر عظمیٰ سے بات مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عرب دنیا میں اردو کی مسلسل ترقی اور پزیرائی ہورہی ہے اور لوگ اردو کو سیکھنے کیلئے برصغیر کے ماہرین کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اسلام کی طرح اردو بھی پھیل رہا ہے اور لوگ اپنے بچوں کیلئے بھی اسے ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ اردو کی وجہ سے قران کی تعلیمات میں بھی انہیں مشکل پیش نہیں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ عرب اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے لوگوں کے علاوہ برصغیر ہند۔ پاک کے لوگ اردو بولنے ، پڑھنے اور سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور یہ سلسلہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک انہوں نے از خود درجن بھر غیر اردو لوگوں کو اردو زبان سے روشنناس کیا ہے اور وہ اردو جان رہے ہیں اور اس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طائف میں گورنمنٹ آف انڈیا کے اشتراک سے ایک اردو مشاعرے کا بھی اہتما م کیا گیا جس میں مقامی اردو شعرا اور ادباء کے علاوہ پرصغیر ہند پاک سے ادبا اور شعرا نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اردو دنیا بھر میں پھل پھول رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے ساتھ ساتھ اردو کی اشاعت و ترویج کیلئے انہوں نے اردو پر کئی آرٹیکلز اور مکتوب عربی زبان میں ترجمعہ کرکے ہزاروں غیر اردو والوں تک پہنچائے ہیں اور انہیں اب تک سراہا گیا ہے ۔