بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ایمر جنسی ہسپتال بانہال سے ایک ایک ماہر ڈاکٹر کے تبادلے پر بیوپار منڈل بانہال اور ائمہ مساجد نے اپنا احتجاج درج کیا ہے ، جبکہ لوگوں اور تاجروں نے صدر بیو پار منڈل بانہال کی قیادت میں ہسپتال کے باہر سرجن ڈاکٹر دائو د کی تبدیلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور سرکار کو اس تبدیلی سے باز رہنے کی تنبہ کی گئی ہے۔ آج دوپہر بارہ بجے کے قریب صدر بیوپار منڈل بانہال کی قیادت میں تاجر برداری کے علاوہ بانہال کے دور دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بانہال پارک سے شاہراہ پرسے ہوتے ہوئے ایک ریلی کی صورت میں ایمر جنسی ہسپتال بانہال کا رخ کیا اور وہاں ڈاکٹر دائود کو بانہال سے تبدیلی کئے جانے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انچارج بلاک میڈیکل افسر سے ملاقات کی اور بعد میں چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان نے بھی صدر بیوپار منڈل سے فون پر بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ڈاکٹر داود سرجن کے تبادلے پر روک لگائی گئی ہے اور وہ بانہال میں مسلسل کام کرتے رہیں گے۔ اس تبادلے کے خلاف امام مرکزی جامع مسجد بانہال مولانا نظیر احمد نے اسے سیاسی تبادلہ اور مفاد خصوصی رکھنے والوں کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ چند سیاسی لوگ اس اس غریب پرور ڈاکٹر کو یہاں سے تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں کیونکہ وہ لوگوں کو کسی پرائیویٹ کلنک پر لے جانے کے بجائے بانہال ہسپتال میں ہی مختلف چھوٹے بڑے آپریشنوں اور جراحیوں کو انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور حکام کو اس اقدام سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ڈاکٹر کے تبادلے روک لگانے کی مانگ کی ہے۔ اس سلسلے میں بیوپار منڈل بانہال کے منتخب صدر شمس الدین راہی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا بانہال ہسپتال میں تعینات سرجن دائود کی تبدیلی کے خلاف عوام میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے اور اس تبادلے کے پیچھے ان ڈاکٹروں کی کوشش کارفرما ہے جو یہاں سے مریضوں کو وادی کشمیر کے ہسپتالوں کے میں پہنچا کر ان کے اپریشن کئے جاتے ہیں اور موٹی موٹی رقمیں لی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا یہاں معمولی سے معمولی اپریشن کیلئے مریضوں کو وادی کشمیر کے ہسپتالوں میں لے جا کر بیس سے تیس ہزار روپئے لیکر اپریشن کرنے کا چلن ڈاکٹر دائود نے توڑا تھا اور لوگوں خاص کر وہ غریب مستفید ہو رہے ہیں جو اپنے مرض کے علاج کیلئے رقم خرچنے سے قاصر ہیں۔ صدر بیو پار منڈل شمس الدین راہی نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے حکم پر کی گئی تبدیلی کو کالعدم قرار دینے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم ہسپتال سے وقت سے پہلے ہی ڈاکٹروں کو تبدیل کرنے کے خلاف سخت مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ و ہ امن و قانون کی کسی صورتحال کے بجائے ڈاکٹر کی تبدیلی کو روک لیں تاکہ بانہال سب ضلع کے کھڑی ، مہو منگت ، رامسو ، اکرال پوگل پرستان کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔