جموں//محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ کی جانب سے پولیس آڈیٹوریم گلشن گراﺅنڈ میں این ای ای ٹی2017 میں شامل ہونے والے جموں وکشمیر کے امید واروں کے لئے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام میں 300سے زائد امید واروں نے شرکت کی جس دوران انہیں مختلف شعبوں کی تربیت کے علاوہ تدریسی مواد بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ مسابقتی امتحانات میں بہتر طور شرکت کرسکے۔ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ مختار العزیز نے پروگرام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے پلانسس ایجوسلوشنز کے ساتھ مل کر اس پروگرام کا انعقاد کیا ۔انہوںنے کہا کہ امید واروں کا مثبت ردعمل دیکھ کر محکمہ اس مہم کو مستقبل میں جاری رکھے گا۔ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ سرینگر میں اسی نوعیت کا ایک تربیتی پروگرام 16 اپریل 2017ءکو منعقد کیا جائے گا۔آج سے پروگرام میں آئی آئی ٹی ممبئی سے بی ٹیک کی ڈگری یافتہ وویک گپتا نے امید واروں کو این ای ای ٹی میں شامل ہونے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔وویک گپتا نے اب تک ملک بھر میں تقریباً 30,000 طالب علموں کو مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے تربیت دی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ نے اس برس اپنی نوعیت کے اس پہلے پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس مہم کے تحت امید واروں کے لئے تدریسی مواد بشمول ویڈیو لیکچرر، ای۔ کتب اور تحریری مواد مفت دستیاب رکھا گیا ہے۔سرکاری کتب خانوں کے ذریعے امید واروں کو این ای ای ٹی ، جے ای ای اور سی ای ٹی کے لئے تیاری کرنے کا موقعہ فراہم کیا جاتا ہے۔ریاست بھر میں قائم عوامی کتب خانوں میں طالب علموں کے لئے 2500 گھنٹوں پر مشتمل ویڈیو لیکچر،75,000سوالات و جوابات ،150ای کتب اور دیگر کتابیں رکھی جاتی ہیں۔