جموں//یوتھ کانگریس کے جموں پونچھ پارلیمانی نشست کے جنرل سیکریٹری اورآل انڈیا گرجریوتھ فیڈریشن کے ریاستی صدر اعجازچوہدری نے سرینگرپارلیمانی نشست سے کانگریس اورنیشنل کانفرنس کے مشترکہ امیدوارا ورریاست کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جیت کو فرقہ پرستوں کی شکست اورجمہوریت کی جیت قراردیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں اعجازچوہدری نے کہاکہ سرینگرپارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات میں اگرچہ پولنگ نہایت ہی کم رہی لیکن جس قدربھی رائے دہندگان نے ووٹ ڈالا انہوں نے سمجھداری کامظاہرہ کرتے ہوئے صحیح امیدوارکومنتخب کیا۔انہوں نے ریاست کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں جمہوری اقدارکودوام بخشنے اورریاست کی سا لمیت کوبرقراررکھنے کیلئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کوفروغ دیں۔ اعجازچوہدری نے پی ڈی پی ۔بی جے پی جماعتوں پر ریاست میں سیاسی عدم استحکام پیداکرنے کیلئے ذمہ قراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی مخلوط حکومت کی حصے دارجماعتیں سستی شہرت کیلئے تقسیم کی پالیسیوں پرعمل پیراہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں خطوں کشمیر، جموں اورلداخ کوخانوں میں بانٹنے کیلئے پی ڈی پی اوربھاجپاکی کاوشیں باعث تشویش ہیں۔انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت عوام کوبہترخدمات اورانتظامیہ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد کی حکومت کے دوران عوامی مفادات کیلئے انجام دیئے کاموں کابھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی سے عوام میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے۔