آر ایس پورہ //بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے بابا صاحب بھیم رائو رام جی امبیڈ کر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو ایسا آئین دیا جس میں سبھی لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہے۔وزیرنے ان باتو ں کا اظہار آج کلیانہ دیہات میں امبیڈ کر جینتی کے سلسلے میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر ممبر اسمبلی آر ایس پورہ گگن بھگت اور دیگر کئی لوگ بھی موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈ کر نے جو کام سماج خصوصاً پسماندہ طبقوں کی بہبود کے لئے کئے ہیں اُن کے اثرات آج بھی واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں اور ان کی زندگی ملک کے لوگوں کے لئے ایک ترغیب ہے۔انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت ترقی پر مبنی ایجنڈا آف الائنس پر کام کر رہی ہے۔وزیرنے یقین دلایا کہ غریب اور ضرورت مند افراد کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گگن بھگت نے کہا کہ آر ایس پورہ کو ایک مثالی کانسچونسی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔