جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔انہوںنے کہا کہ سڑک رابطوں کو بہتر بنانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار جکہول سے رائے چنگیرا تک پی ایم جی ایس وائی کے تحت 4.20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانی والی 8.06 کلومیٹر سڑک پر کام کی شروعات کرانے کے بعد کیا۔وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کا معیار برقرار رکھتے ہوئے سڑک پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ سڑک پروجیکٹوں کی تعمیر سے ریاست کے دیہی علاقوں میں سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کے تعاون سے ریاست بھر میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام شروع کیا ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی واقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ماحولیات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے وزیر نے کہا کہ جنگلات انسانی حیات کی بقا کے لئے اہم ہیں۔انہوں نے آئندہ مون سون سیزن میں شجرکاری میں تیز ی لانے پر بھی زور دیا۔ وزیر نے دورے کے دوران کئی عوامی وفود سے ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے افسران کو لوگوں کے جائز مطالبات حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے کہا کہ لوگو ں کے مطالبات کو ترجیحی بنیادو ں پر پورا کیا جائے گا۔بعد میں وزیر موصوف نے تردھوان سے چھوئی تک تعمیر کی جانی والی سڑک پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔