مینڈھر//آدھار کارڈ ٹیم پر پیسے لینے کے الزامات کے بعد تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان نے منکوٹ کا دورہ کرکے موقعہ پر صورتحال کاجائزہ لیا ۔اس موقعہ پر انہوںنے آدھار کارد بنانے والی ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے اس کو سختی سے کہاگیا کہ وہ ایسی کوئی بھی شکایت نہیں سننا چاہیںگے اوراگر آئندہ پھر ایسی شکایت ملی تو کارروائی ہوگی ۔شہزاد لطیف خان جن کے پاس منکوٹ کا اضافی چارج بھی ہے ، نے کہاکہ یہاں پر ایک رجسٹر رکھاجائے جس پرہر آدھار کارڈ بنانے والے کا نام لکھ کر متعلقہ شخص کو رسید دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر انہیں پھر سے یہ شکایت ملی تو وہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کریںگے ۔تحصیلدار مینڈھر کاکہناہے کہ انہوں نے منکوٹ جا کر حالات کا جائزہ لے کر ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور کہاکہ ایمانداری سے آدھار کارڈ بنائے جائیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ آدھارکارڈ بناتے وقت رجسٹر پر اپنا نام درج کرواکر باقاعدہ رسید حاصل کریں کیونکہ روزانہ آدھار کارڈ بنوانے والے افراد کی لسٹ دیوار کے ساتھ چسپاں کی جائے گی۔