مینڈھر//مینڈھر میں تمام اے ٹی ایم گزشتہ کئی دنوں سے پیسوں کے بنا خالی پڑے ہیں اور لوگ اے ٹی ایم کے باہر کئی گھنٹوں تک انتظار کرکے خالی ہاتھ واپس چلے جاتے ہیں۔جموں کشمیر بنک اے ٹی ایم کے باہر قطار میں کھڑے سکندر اعظم ،گل صید خان اور محمد یعقوب خان نے کہاکہ وہ کئی دنوںسے اے ٹی ایم کے چکر لگارہے ہیں لیکن مینڈھر میں نہ ہی تو جموں کشمیر بنک اور نہ ہی سٹیٹ بنک آف انڈیا کا اے ٹی ایم کام کررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے کئی بار اس سلسلہ میں بنک منیجر سے بھی بات کی لیکن اُن کایہی جواب ہوتاہے کہ تھوڑی دیر انتظار کرو پیسے جمع کردیئے جائیںگے لیکن کئی گھنٹوں تک انتظار کرنے کے بعد بھی اے ٹی ایم خالی ہوتے ہیں اورانہیں خالی ہاتھ واپس لوٹناپڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ مینڈھر تحصیل میں ایک مہینے میں صرف دس دن اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے جمع کئے جاتے ہیں لیکن وہ بھی ہزاروں کی تعداد میں اور اے ٹی ایم ایک گھنٹے کے اندر خالی ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ شادیوں کا موسم ہے اورلوگوں کو خرید و فروخت کیلئے پیسے چاہئے لیکن اے ٹی ایم خالی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یاتو ان مشینوں میں پیسے دستیاب رکھے جائیں یاپھر انہیں یہاںسے ہٹاہی دیاجائے۔