گاندربل// 9 اپریلکو سرینگر پارلیمانی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگکے دوران بارسو گاندربل میں فورسز کی راست فائرنگ میں دو نوجوان شدید مضروب ہوگئے تھے جن میں سے 20 سالہ عمر فاروق گنائی ولد فاروق احمد ساکن بارسو گاندربل لقمہ اجل بن گیا ۔دو سگی بہنوں اور چار چچیری بہنوں کا بھائی تین گھروں کا کفالت کرنے والا عمر فاروق گنائی کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس روز دن بھر کرکٹ کھیلنے کے بعد شام سات بجے سے پہلے اپنی بہنوں کے ساتھ باغ میں سے سبزی لانے گھر سے باہر نکلا تھا۔بچپن سے ہی غریبی میں زندگی گزارنے کے ساتھ گھر سے باہر محنت مزدوری کرنے کی خاطر کبھی مزدوری اور کبھی کسی گاڑی کے ساتھ کنڈیکٹر بن کر گھر والوں کی کفالت کرتا تھا۔عمر فاروق گنائی کا باپ فاروق احمد گنائی کئی برسقبل سائیکل سے گرکر دائیں ٹانگ ٹونٹے کی وجہ سے مزدوری کرنے سے بھی لاچار ہوگیا۔فاروق احمد کا دوسرا بھائی پیشہ سے گلکار تھا چند سال قبل کام پر اونچائی سے گرکر شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد گھر پر بیٹھ گیا۔عمر فاروق گنائی کا چھوٹا چاچا عاشق گنائی نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم تین بھائیوں نے مشترکہ طور پر چار پانچ کنال زمین فروخت کرنے کے بعد ٹپر خرید کر عمر فاروق کو چلانے کیلئے دی تاکہ تینوں گھروں کا چولہا جلتا رہے کیونکہ عمر فاروق کا والد ایک ٹانگ سے معذور ہے جبکہ ایک اور بھائی کسی مکان کی تعمیر کے دوران گرپڑا تھا جس سے وہ بھی گھر پر بیٹھ گیا اسی لئے ہم نے مشترکہ طور پر ٹپر خرید کر عمر فاروق کو چلانے دیا تھا۔تین بھائیوں کی چھ بیٹیوں میں عمر فاروق بڑا بیٹا تھا جس وجہ سے تینوں گھروں کا لاڈلا بھی تھا۔اس وقت باپ،والدہ،دو بہنیں شگفتہ اور عظمی سب مایوس،غمگین اور مرجھائے ہوئے ہیں۔9 اپریل کو پیش آئے واقعہ کے بارے میں عینی شاہدین کے مطابق ووٹنگ کے دن بارسو میں مکمل بائیکاٹ کا اثر رہا عمر فاروق دیگر نوجوانوں کے ساتھ دن بھر کرکٹ کھیلتا رہا۔پانچ بجے پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی چند دکانیں کھل گئیں۔ مقامی لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا شروع کیا اسی دوران لار کی جانب سے باڑر سیکورٹی فورسز کی چند گاڑیاں بورس کی طرف آئیں جن پر چند نوجوانوں نے پتھر پھینکے جس کے جواب میں فورسز نے گاڑیوں سے نیچے اتر کر راست فائرنگ کردی جس کی زد میں آکرعمر فاروق گنائی اور کولگام کا شہری مظفر احمد میر شدید زخمی ہوگئے۔عمر فاروق اسی وقت بہنوں کو گھر چھوڑ کر دوکان پر آیا تھا دونوں نوجوان پتھر بازی میں ملوث نہیں تھے۔دونوں کو زخمی حالت میں سکمز صورہ منتقل کیا جہاں آدھے گھنٹے بعد ہی عمر فاروق گنائی نے دم توڑ دیا۔