مینڈھر//خطہ پیر پنجال کو وادی کشمیر سے ملانے والی واحد مُغل شاہراہ سے برف ہٹانے کاکام تقریباََ مکمل ہو گیا ہے لیکن گاڑیوں کی آمدورفت میں ابھی ایک ہفتہ لگے گاکیونکہ پیر گلی سے پہلے مانسر کے موڑوں سے ابھی راستہ ٹھیک نہیں ہے ۔حکام کے مطابق سڑک کے اس چھ کلو میٹر حصے پر بھاری برفباری کی وجہ سے ملبہ پڑاہواہے جسے ہٹانے کیلئے ایک ہفتہ لگ سکتاہے ۔گزشتہ روز محکمہ مکینیکل کے آفیسران برف صاف کرنے والی گاڑیوں کے ہمراہ جب پیر گلی پہنچے تو دونوں اطراف کے افسران نے ہاتھ ملائے ۔محکمہ کے ایک اعلیٰ افسرنے بتایاکہ جب وہ دونو ں اطراف سے پیر گلی پہنچے تو انہیں خوشی ہوئی کہ وہ سڑک سے برف ہٹانے کے کام کو مکمل کر چکے ہیں البتہ مانسر کے موڑوں میں تھوڑا کام ہے جس کو جلد مکمل کرکے سڑک کو گاڑیوں کی آمدو رفت کے قابل بنا دیں گے اور اُس کے بعد اِنتظامیہ کو باقائدہ سڑک کو کھولنے کا اعلان کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی سڑک خطرے سے خالی نہیںکیونکہ ابھی بھی پسیاں آرہی ہیں اور بہت زیادہ پتھر بھی آرہا ہے ۔ ا س سلسلہ میں جب ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک سے بات ہوئی تو اُن کا کہنا تھا کہ سڑک کا کام تقریباََ مکمل ہو گیا ہے لیکن ابھی کچھ حصہ خراب ہے جسے ٹھیک کرنے میں ایک ہفتہ لگ سکتاہے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ محکمہ مکینیکل کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جلدسڑک سے پسیاں ہٹائی جائیں تاکہ گاڑیوں کو آمدورفت کے قابل بنایاجاسکے ۔اُنہوںنے کہاکہ پہلے گاڑیوں کو دس بجے سے لے کر چار بجے تک آنے جانے کی اجازت ہو گی ۔
چار ماہ قبل پھنس جانیوالی گاڑی نکال لی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر//مُغل شاہراہ سے محکمہ مکینیکل نے برف ہٹا کر ایک ٹاٹا موبائل کو برف سے نکال کر مالکان کے حوالے کیا ۔یہ ٹاٹاموبائل چار مہینوں سے پیر گلی کے پاس مانسر کے موڑوں میں سرینگر سے آتے وقت پھنس گئی اور اُسی دن بے شمار برف پڑگئی جس کی وجہ سے مالکان گاڑی کو نکالنے میں ناکام رہے البتہ انہوں نے ہزاروں روپے خرچ کرکے ایک جے سی بی مشین سڑک پر لگا کر برف کو ہٹانے کا کام شروع کیا تاکہ گاڑی کو نکالا جائے لیکن پھر بھی گاڑی نہیں نکل پائی ۔تاہم چار مہینے کے بعد اس گاڑی کو صحیح سلامت محکمہ مکینکل کے ملازمین نے نکال کر مالکان کے حوالے کیا ۔