سرینگر//پلوامہ ڈگری کالج کے طلاب کے ساتھ اظہار یکجہتی اورفورسز اہلکاروں کی کاروائی کے خلاف سوموار کوگورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں زیر تعلیم طلاب نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور کالج احاطے میں ایک احتجاجی جلو س نکالا۔ احتجاجی جلوس میں شامل طلبہ و طالبات آزادی اور اسلام کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے۔طلاب نے پلوامہ میں ڈگری کالج پر فورسز اہلکاروں کی یلغار کے خلاف اور زخمی طالب علموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کالج کے مین گیٹ سے باہرآئے اور نعرہ بازی کی ۔ہاتھوں میں بینر ،پلے کارڈس اور پوسٹر اٹھائے طلاب نے فورسز کی زیادتیوں اور سرکار مخالف نعرے لگاتے ہوئے دھرنا دیا ۔احتجاجی جلوس میں شامل ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پلوامہ میں پیش آئے واقعہ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وادی کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں طلبہ محفوظ نہیں ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ احتجاجی طالب علموں پر ایسے ٹیر گیس ، پاوا شل اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جارہا ہے جیسے فورسز اہلکار کسی بڑی فوج کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔احتجاجی جلوس میں شامل ایک اور طالبہ نے بتایا کہ ایک طرح ریاستی حکومت طلبہ کو تعلیم کی طرف دھیان دینے کا مشورہ دیتی ہے اور دوسری طرف فورسز اہلکار کالجوں میں گھس کر طلبہ پر پیلٹ، ٹیر گیس اور پاوا شل کا بے تحاشہ استعمال کرکے انکی آنکھیں چھین رہے ہیں ۔کالج کے مین گیٹ پر کچھ دیر تک احتجاج کرنے کے بعد طالب علم نعرہ بازی کرتے ہوئے واپس کالج کے اندر داخل ہوئے اور کالج احاطے میں پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔