مظفر آباد// متحدہ جہا د کونسل کے چیئرمین اور حزب سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی صحیح سمت میںجاری ہے ۔ صلاح الدین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سر راہ جوانوں کا زد کوب کرنا،تعلیمی اداروں کے اندر داخل ہوکر طلبا ءکو شدید تشدد کا نشا نہ بنانا،پتھر کا جواب گولی سے دینا،معصوم لوگوں کا خون بہانا،پاکستان کے مخالف نعرے دلوانا اور حریت پسندوں کے حملوں سے بچنے کیلئے نہتے کشمیریوں کو ڈھال بنانا اس حقیقت کا برملا اظہار ہے کہ وہ حریت پسند کشمیری عوام اور عسکریت پسندوں کے سامنے اپنی شکست کا اعتراف کرچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کیلئے بو کھلاہٹ میں انتہائی نیچ اور گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نریندرمودی مفتی سرکار کی ایما پر کالجوں اور سکولوںمیں فورسز کی یلغار اور نہتے لوگوں کا خون بہانا دراصل حالیہ چناو میں کشمیری عوام کے فیصلہ کن با ئیکاٹ کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا ایک سلسلہ ہے ،جو شروع کیا گیا ہے ۔صلاح الدین نے عالمی برادری اور عالمی اداروں کی خاموشی پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک عالمی برادری اور عالمی ادارے کشمیری عوام کے خون سے بھارتی حکمرانوں کی ہولی کا تماشہ دیکھتے رہیں گے۔انہوں نے پاکستانی ارباب اختیار سے اپیل کی کہ وہ ایک مضبوط فریق اور وکیل کا کردار ادا کرتے ہوئے او آئی سی اورعالمی اداروں کو ہنگا می بنیادوں پر متحرک کرکے بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی روکنے پر مجبور کریںورنہ صورتحال بے قابو ہوکر گھمبیر صورت اختیار کرے گی ۔