راجوری //پی ڈی پی ریاستی سیکریٹری اور ممبراسمبلی راجوری قمر چوہدری نے دیہی ترقی محکمہ کے رورل انجینئرنگ ونگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیاہے ۔یہاںجاری ایک بیان کے مطابق قمر چوہدری نے کہاکہ رورل انجینئرنگ ونگ نے راجوری میں کرپشن کے تمام تر ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں 14ایف سی کے تحت پچھلے سال لوگوں کو دیئے گئے کاموں کی اجرت آج تک نہیں ملی ہے ۔ انہوںنے ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایاکہ وہ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں جس سے اس حکومت کا مذاق اڑ رہاہے جو کرپشن کے خاتمے کیلئے وعدہ بند ہے ۔قمر نے کہاکہ ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں کو لوٹ مار کرنے والے ان سبھی ملازمین کو فوری تبدیل کرناچاہئے ۔ ان کاالزام ہے کہ ان ملازمین کو سابق حکومت نے تعینات کیاتھا جنہوںنے پچھلے کچھ عرصہ میں بہت زیادہ کرپشن کی ۔ان کاکہناہے کہ وہ لوگوں کی خدمت کیلئے نہ کہ لوٹ مار کرنے کیلئے اس لئے ڈائریکٹر کو فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے ان سبھی ملازمین کے خلاف تحقیقات کرنی چاہئے جو بل کے نام پر پیسے لے رہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ یہ محکمہ صرف اس لئے کام کی پیمائش کی جائے اور کاموں کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ کاغذات تیار کئے جائیں لیکن یہاں کمیشن کے نام پر پیسے لئے جارہے ہیں ۔ممبراسمبلی راجوری نے ضلع انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایااور کہاکہ اسے ان ملازمین کی کرپشن پر روک لگانی چاہئے تاکہ مستحقین کوسکیموں کافائدہ ملے اور وہ کمیشن یا کرپشن کے بغیر روزگار کماسکیں ۔ ان کاکہناہے کہ ڈپٹی کمشنر راجوری سبکدوش ہونے جارہے ہیں اور وہ محکمہ کو ایسا کرنے کی چھوٹ دے رہے ہیں لیکن وہ اس کو برداشت نہیں کرسکتے اور یہ معاملہ وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لایاجائے گا۔