کوٹرنکہ //وادی کشمیر میں کشیدہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حزب اختلاف جماعتوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے کہاہے کہ ہندوستان اپنے لوگوں پر ظلم وستم بند کرے ۔ کوٹرنکہ صدر مقام پردونوں جماعتوں سے وابستہ ورکران نے مشترکہ میٹنگ کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں فورسز کی طرف سے بے تحاشہ طاقت کا استعمال قابل مذمت ہی نہیں بلکہ قابل ملامت بھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ میں ڈگری کالج طلباءپر فوج کی یلغار افسوسناک ہے ۔ان کاکہناتھا کہ سرینگر لوک سبھا سیٹ پر نیشنل کانفرس کی نمایاں جیت آر ایس ایس اورپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے کھوکھلے وعدوں اور ظلم وستم کے خلاف عوام کاواضح مینڈیٹ ہے ۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاستی گورنرسے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سے مستعفی ہونے کیلئے دباﺅ بنائیں تاکہ ظلم و ستم کا یہ سلسلہ رک سکے۔ میٹنگ میں ایوب پہلوان بلاک صدر نیشنل کانفرنس ، محمد شفیع چودھری ضلع نائب صدر، نائب صدر کانگریس شیرباز کملاک، سخی محمد ، لیاقت کیپٹن ، کانگریس یوتھ جنرل سیکریٹری بشارت راتھر بھی موجود تھے ۔