جموں// ریاستی فوڈ اینڈ ڈرگ کنٹرول آرگنائزیشن کو مزید مستحکم بنانے کے لئے حکومت نے جدید طرز کی پانچ موبائیل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریاں خرید لی ہیں ۔ ہر ایک لیبارٹری کی قیمت 31لاکھ روپے ہے ۔ان پانچ موبائیل لیباٹریوں میں سے دوکو کشمیر ، دو جموں اور ایک کو لداخ خطے میں تعینات کیا جائے گا۔صحت و تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ان موبائیل گاڑیوں کو متعلقہ محکمہ کو سونپ کر انہیں جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پر کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریاست کے لوگوں کو معیاری غذائی اشیاء دستیاب کرانے کی وعدہ بند ہے ۔ اس کے لئے ڈی اینڈ ایف سی او ایک ریگولیٹری محکمہ کے طور پر کام کر رہی ہے اور اس محکمہ کو جدید آلات اور مشینری سے لیس کیا جارہا ہے۔وزیر نے متعلقہ محکمہ کو اس طرح کی سہولیات اختیار کرنے کے لئے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیبارٹریاں ریاست کے دور دراز علاقوں میں خوراک کی چیزوں کی ٹیسٹنگ موقعہ پر عمل میں لائیں گے۔انہوںنے کہا کہ اس طرح صارفین میں محفوظ چیزوں کے حوالے سے بیداری بھی پیدا ہوگی ۔ انہوں نے ان سہولیات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔ اس موقعہ پر کنٹرولر ڈی اینڈ ایف سی او لوٹیکا کھجوریہ نے وزیر کو ان موبائیل ٹیسٹنگ کے لیبارٹریو ں کے فوائد کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی۔بعد میں وزیر نے فوڈ اینڈ ڈرگ لیبارٹریوں کا معائینہ کر کے متعلقہ حکام کے ساتھ استفسار بھی کیا۔