گاندربل +کولگام//سرینگر پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخابات کے روز فورسز کی جانب سے بارسو گاندربل میں راست فائرنگ کے دوران کولگام کا زخمی نوجوان10دنوں تک اسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا،جس کے ساتھ ہی9اپریل کو پیش آئے واقعے میں جان بحق ہونے والوں کی تعداد9 تک پہنچ گئی ہے۔نوجوان کی موت پر بدھ کوبارسو اورکولگام میںمکمل ہڑتال کے دوران شدید مظاہرے ہوئے۔9اپریل کو سرینگر پارلیمانی نشست میں انتخابات کے دوران بارسو گاندربل میں فورسز نے احتجاجی مظاہروں کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی جس کے دوران عمر فاروق ساکن بارسونامی نوجوان جان بحق ہوا جبکہ ان کے ہی گھر میں مزدوری کرنے والا زنگل پورہ کیلم کولگام کا مظفر احمد میر شدید زخمی ہوا۔ مظفر کی ران میں گولی پیوست ہوئی تھی جبکہ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران ان کے جسم سے کافی خون بہہ گیا اور جب اسپتال پہنچایا گیا تو کومہ میں چلا گیا۔ ڈاکٹروں نے10دنوں تک مظفر احمد میر کو بچانے کی بے حد کوشش کی گئی تاہم بدھ کی صبح صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے انتہائی نگہداشت والے وارڑ میں اس نے آخری ہچکی لی ۔ مظفر احمد گنائی کی موت کی خبر جب گاندربل میں پھیل گئی تو بارسو میں مکمل ہڑتال کی گئی اور کاروباری ادارے و تجارتی مراکز مقفل رہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہا۔اس دوران مظفر احمد میر کے آبائی علاقے زنگل پورہ میں جب انکی موت کی خبر پھیل گئی تو وہاں بھی کہرام مچ گیا اور خواتین سینہ کوبی کرتی ہوئی گھروں سے باہر آئیں جبکہ نوجوانوں کی ٹولیاں بھی علاقے میں جمع ہوئیںاور اس ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا۔ علاقے اور گردونواح علاقوں میںبھی ہر قسم کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔میر بازار سے لیکر پہلو،کیلم،آکھرن اور دیگر علاقوں تک مکمل ہڑتال نظر آئی۔ مظفر احمد میر کا جسد خاکی جب آبائی گائوں پہنچایا گیا تو ہر طرف سے آہ و فغان کا عالم نظر آنے لگا ۔نوجوانوں ،خواتین اور علاقے کے دیگر لوگوںنے جلوس برآمد کرتے ہوئے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی اور اسے سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میںسپرد خاک کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ مظفر احمد میر ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور انہوں نے اپنے والد کی بیماری پر ہونے والے خرچہ کیلئے بنک سے قرضہ لیا تھا جس کی وجہ سے اب وہ مزدوری کررہا تھا۔گذشتہ سیلاب کے دوران انکی ملکیتی زمین پانی کے تیز بہائو میں بہہ گئی تھی اور انکے گذارے کیلئے کوئی بھی چیز نہیں رہ گئی تھی۔(مشمولات اکرم الحسن)