اننت ناگ// دس ہزار نفوس پر مشتمل آرونی اننت ناگ کی آبادی پچھلے چار روز سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میںمقامی آبادی کو پانی استعمال میں لانے کےلئے دور جانا پڑ رہا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی مرتبہ محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران سے رابطہ قائم کیا لیکن پانی بحال کرنے کے حوالے سے کوئی اقدمات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے سبب آرونی کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آرونی کے حلقہ اے اور حلقہ بی میں رہائش پذیر محلہ عید گاہ ، آروانی محلہ ، نئی بستی بالا ، نئی بستی پائین ، ڈال پورہ ، ملک پورہ ،صوفی پورہ، ہرگاس محلہ ، ہرپورہ اور دیگر کئی محلہ شامل ہیں جہاں پچھلے چار روز سے لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ پانی سپلائی کوبحال کرنے کے حوالے سے محکمہ اور انتظامیہ سنجیدگی سے کام انجام نہیں دے رہا ہے جس کے سبب لوگ محکمہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔