جموں //ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے ریاست میں جسمانی اور ذہنی طور ناخیز افراد کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے سماجی تعاون طلب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طبقے کے لوگوں کو محبت اور ہمدردی کی ضرورت ہے ۔ چھنی رامہ میں ذہنی طور ناخیز بچوں کے ہوم کا دورہ کرنے کے دوران انہوں نے سماج کے صاحب سروت اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں پر زور دیا کہ وہ آگے آ کر ان بچوں کی دیکھ ریکھ اور اُن کی بحالی میں اپنا بھر پور رول ادا کریں ۔ ڈاکٹر وید نے کہا کہ اس ضمن میں صرف حکومت ہی اپنا رول ادا نہیں کر سکتی ہے بلکہ پورے سماج کو اپنا کلیدی رول ادا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس طقے کے لوگوں کی مالی مدد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس بھی اس حوالے سے اپنا موثر کردار نبھائے گا ۔ ڈی جی پی نے وہاں موجود بچوں اور عملے کے ساتھ بات چیت کی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ مرکز سماجی بہبود کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے عملے سے کہا کہ وہ ہوم میں موجود بچوں کی ہر ممکن راحت رسانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اخوت اور ہمدردی ظاہر کرنے سے ان بچوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی رونما ہو گی ۔ انہوں نے مرکز میں بہتر طبی سہولیات کی دستیابی پر زور دیا ۔