راجوری //آدھار کارڈ نہ بن پانے پر راجوری کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے بکروال کنبوں نے ضلع صدر مقام پر احتجاج کیا اور مانگ کی کہ ان کیلئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں ۔ان کنبوں نے مانگ کی کہ ان کی پہاڑوں کی طرف ہجرت سے قبل ہی کیمپ لگاکر کارڈ بنائے جائیں ۔اڑگی اور دیگر علاقوں کے رہنے والے بڑی تعداد میں لوگوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر پہنچ کر بتایاکہ آدھار کارڈ کا موجوہ نظام ان کیلئے ناقابل قبول ہے اور وہ اس کارڈ سے محروم ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ انہیں طویل وقت دیاجارہاہے جبکہ وہ اس موسم میں نقل مکانی کرتے ہیں اور یوں وہ آدھار کارڈ سے محروم رہ جائیںگے ۔اس دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بکروال کنبوں نے کہاکہ ان کی نصف سے زائد آبادی آدھار کارڈکے بغیر ہے جس سے انہیں کئی طرح کی مشکلات کاسامناہے ۔انہوںنے بتایاکہ انہوںنے حال ہی میں آدھار کارڈ کیلئے درخواست دی تھی تاہم انہیں بہت دور کی تاریخ دی گئی جس کے آنے تک وہ یہاںسے ہجرت کرجائیںگے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ انکے آدھار کارڈ کیلئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں ۔