سرینگر// طلاب کے احتجاجی مظاہرے جمعرات کو چوتھے دن بھی سرینگر، بانڈی پورہ ، اننت ناگ ،پٹن اورکنگن میں جاری رہے۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شلنگ کے علاوہ ہوائی فائرنگ کا سہارا لیا گیا۔ جس کے دوران نصف درجن طلبا زخمی ہوئے۔نوا کدل ہائر اسکینڈری اسکول کی طالبات نے وردیوں میں ملبوس براری پورہ کی طرف پیش قدمی کی تاہم فورسز اہلکاروں نے انکی پیش قدمی کو روک دیا جس کے بعد سنگبازی کا سلسلہ شروع ہوا۔طالبات نے بھی فورسز پر پتھرائو کیا جبکہ فورسز نے ٹیر گیس اور پاوا شلنگ کی ۔اس دوران شہر خاص میں بھی احتجاجی مظاہروں کا دائرہ پھیل گیا جبکہ صفا کدل میں بھی احتجاج ہوا۔ ارشاد احمد کے مطابق گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول گاندربل سے درجنوں طالب علموں نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے گاندربل صفاپورہ شاہراہ پر دھرنا دیتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ اسی دوران چند طلاب نے دوکانوں اور گاڑیوں پر پتھراؤ کے شروع کردیا۔جیسے ہی پولیس کی گاڑی موقع پر پہنچی طالب علموں نے پولیس پر پتھر بازی شروع کردی جس کے جواب میں پولیس نے شلنگ کرتے ہوئے طالب علموں کو منتشر ہونے پر مجبور کردیا۔اس موقع پر دوکانداروں نے دوکانیں بند کردیا۔بعد میں ہائر سیکنڈری انتظامیہ نے ایک دو دو کرکے طالب علموں کو نکلنے کی اجازت دی۔ ہائر اسکنڈر ی ہاری گنون کنگن میںزیر تعلیم سینکڑوں طلبہ اور طالبات نے جلوس نکال کراحتجاج کیا۔احتجاجی طلاب نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس لئے آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ نامہ نگار غلام نبی رینہ کے مطابق چھترگل کنگن میں بھی طلاب نے احتجاج کیا اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔اس موقعہ پر فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جبکہ فوج نے ہوا میں گولیاں چلائیں ۔ ادھر گورنمنٹ مڈل اسکول سرفرہ گنڈ میںزیر تعلیم طلبہ نے سرینگر سونہ مرگ روڑ پر اساتذہ کی کمی کے خلاف دھرنا دیا ۔ کاوسہ میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب طلبہ وطالبات نے فورسز زیادتیوں کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ دھرنے پر بیٹھے طلبہ وطالبات کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے لاٹھی چارج کیا جس پر احتجاج کرنے والے مشتعل ہوئے اور انہوں نے پتھرائو کیا ۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے۔جس کی وجہ سے شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ۔عازم جان کے مطابق کلوسہ نادم میموریل بائز ہائر سکنڈری سکول کے سینکڑوں طلبہ نے کلاسکوں کا بائیکاٹ کر کے سوپور بانڈی پورہ شاہراہ پر جمع ہو کر سڑک کو بند کیا اور نعرہ بازی کی۔ اس دوران ٹریفک تھم گیا اور پولیس نے طلبہ کو سڑک سے پرامن طور ہٹانے کی کوشش کی لیکن اس دوران پتھرائوہوا اور درجن بھر گاڑیاں اس کی زد میں آئیں جنہیں نقصان پہنچا جبکہ ایک گجر راہگیر خاتون بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوگئی ۔سڑک سے ہٹ کر طلبہ ایس پی آفس کو پتھروں سے نشانہ بناتے رہے اور پولیس نے ٹیرگیس کے شل داغے۔ اس دوران کچھ شل ہائرسکینڈری سکول کے گراونڈ میں بھی گرے۔ادھر اجس میں سینکڑوں طالبات نے سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ پر جمع ہو کراحتجاج کیا اور کئی گھنٹوں تک سڑک کو بند رکھا ۔بارہمولہ کے ڈنگی وچھہ میں قائم ہائر اسکینڈری اسکول کے طلاب نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ غلام محمد کے مطابق احتجاجی طلاب نے وتر گام تک مارچ کیا جبکہ مرکزی چوک میں اسلام و آزادی کے حق میںنعرہ بازی کی۔اس موقعہ پر مظاہرین نے بارہمولہ ہندوارہ سڑک پر بھی دھرنا دیا۔کچھومقام کنڈی بارہمولہ میں قائم ہائر اسکینڈری اسکول کے طلبہ نے طلاب پر زیادتیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔ ریلی میں شامل طلاب جوں ہی پیش قدمی کر رہے تھے تو فورسز نے ان کا راستہ روکا جس دوران احتجاجی طلاب اور فورسز کے درمیان مزاحمت ہوئی ۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی جبکہ احتجاجی طلاب نے فورسز پر پتھرائو کیا اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔ گو شہ بگ پٹن میں مختلف اسکولوں سے وابستہ طلاب سڑکوں پرنکل آ ئے اور انہوںنے احتجاج کیا۔احتجاجی طلاب نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس لئے آزادی کے حق میں اور شہری ہلاکتوں اور طلاب کو زخمی کرنے کے خلاف نعرے بازی کی۔ جس دوران پولیس اور مظا ہر ین کے در میان جھڑ پیں ہو ئیں تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیںہے۔ ادھر مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلاب نے گوشہ بگ پٹن میں جمع ہوکر طلاب پر حالیہ زیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس دوران فورسز نے احتجاجی طلاب کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس کے ساتھ ہی طلاب مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر خشت باری کی ۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیرگیس اور پاوا شلنگ کی ۔کپوارہ میں بھی طلبا کے ساتھ فورسز زیا دتیوںکے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا گیا ۔ گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول مقام کرالہ گنڈ میں زیر تعلیم طلاب نے احتجاجی ریلی نکالی ۔ نامہ نگار اشرف چراغ کے مطابق اس موقعہ پر پتھرائو اور ٹیرگیس شلنگ ہوئی ۔ سپر ناگہامہ کرالہ گنڈ میں مقام ہندوارہ کے طلاب نے احتجاج کیا اور بارہمولہ کپوارہ سرک پر دھرنا دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس کے گولے داغے۔ اسلام آباد(اننت ناگ) میں بھی طلبہ و طالبات بھی سڑ کوں پرنکل آ ئے اور انہوںنے پلوامہ واقعہ کے خلاف دیال گام روڈ پر دھر نا دیا۔ نامہ نگار ملک عبدالسلام کے مطابق اس صورتحال کے باعث ٹر یفک کی نقل وحر کت بند رہی ،بعد میںمظا ہرین پرامن طور من منتشر ہو ئے۔ نانل مٹن کے مقام پر بھی کئی علاقوں کے اسکولوں میں زیر تعلیم طلاب جمع ہوئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی۔دریں اثناء صوبائی کمشنر کشمیر کے مطابق صوبہ کشمیرمیںآج یعنی 21اپریل کو ہائر سیکنڈری سکولوں میں احتیاطی طور پر تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔تاہم ان اداروں میں دیگر سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔