سرینگر //لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہجن لوگ کے اجداد ہٹلر اور مسولینی کی سوچ سے متاثر ہوں ان سے کسی بھی شیطانیت کی توقع رکھی جاسکتی ہے۔ ملک نے رام مادھو اور پرکاش گنگا کے حالیہ بیانات، جس میں ان دونوں نے کشمیریوں کو مارڈالنے اور انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے متعلق بیان دیا تھا ،کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا یہ بے لاگ سچ ہے کہ آر ایس ایس کے موجدین ہٹلر اور مسولینی سے ملے تھے اور انسانیت کے ان دونوں دشمنوں سے تحریک پاکر فسطائیت پر مبنی جماعت کی بنیاد ڈالی تھی۔ ہٹلر اور مسولینی نے گیس چیمبرس میں ڈال ڈال کر لاکھوں انسانوں کا قتل عام کیا اور اس پر کسی بھی قسم کی کوئی شرم و عار محسوس نہیں کی ۔ٹھیک اسی طرح آج آر ایس ایس اور بی جے پی کے رام مادھو اور گنگا انسانوں کو قتل کرنے اور انہیں انسانی ڈھال بنانے کو جائز ٹھہرارہے ہیں۔ملک نے کہا آر ایس ایس مانکی ذیلی تنظیم بی جے پی اور کشمیر کے اندر ان کے ہمنوائوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ کشمیر میں شکست ان کا مقدر اور نوشتۂ دیوار ہے۔