کشتواڑ//ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے بٹوٹ۔ ڈوڈہ سڑک پر ہوئے دلدوزحادثے پر گہرے دُکھ کااظہار کیا ہے ۔یہاں پر جاری ایک بیان میں جے کے پی سی سی نائب صدر غلام محمد سروڑی نے ضلع ڈوڈہ کے کھلینی علاقے میں ہوئے اس دلدوز سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ سروڑی نے ایک تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہمدردی کابھی اظہار کیا ہے ۔وادی چناب میں لگاتار سڑک حادثے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے جی ایم سروڑی نے اس سلسلے میں ریاستی اسمبلی میں ہوئی بحث، مختلف میٹنگوں اور ہائوس کمیٹی کی سفارشات کی یاد دہانی کراتے ہوئے شدید برہمی کااظہار کیا ہے کہ زمینی سطح پر سڑک حادثات کی روکتھام کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔اُنہوں نے اضلاع کشتواڑ ،رام بن ،ڈوڈہ اور اودھمپور میں سڑک حادثات کو انتہائی تشویش کن قرار دیااور سروڑی نے کہا کہ اس جانب خصوصی طور پر ٹرانسپورٹ ، ٹریفک پولیس اور بارڈر روڈ آرگینائزیشن کے افسران کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ بڑھ رہے سڑک حادثات پر قابو پایاجاسکے۔