جموں//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ریاست میں تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے کیلئے سرکار کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے لوگوں کا دستِ تعاون طلب کیا۔وزیر آج یہاں اُن سے ملنے آئے کئی وفود سے بات کر رہے تھے، جن میں محکمہ تعلیم کے افسران ، سول سوسائٹی ممبران اور کئی سیاسی نمائندے شامل تھے۔جدید اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست کے تعلیمی نظام کو متعلقین کے تعاون سے نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے وقت موزون ہے۔ وزیر نے کہا کہا کہ والدین اپنے بچوں کی پڑھائی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے ہیں اور ریاست کو معیاری تعلیم کی آماجگاہ بنانے میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔اُنہوں نے تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ سختی کے ساتھ نصابی اور تدریسی کیلنڈر پر عمل کریں اور طالب علموں کے کلاس ورک میںکسی بھی قسم کی رُکاوٹ نہ آنے دیں۔وزیر نے تعلیمی سرگرمیوں کو بلا خلل جاری رکھنے کے لئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تعاون طلب کیا۔ اُنہوں نے کہا تعلیمی اداروں کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی تلقین کی وزیر نے اساتذہ کے تمام حل طلب مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ سرکار اساتذہ کا وقار بحال کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بچوں کا خیال رکھنا چاہئے اور سرکار اساتذہ کا خیال رکھے گی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ایس ایس اے کی تنخواہوں کا معاملہ بہتر بہت جلد حل کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ دو ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کے لئے رقومات واگزار کی گئی ہیں ۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ باقی ماندہ رقومات بھی عنقریب واگزار کی جائیں گی۔وزیر نے ریاست میں نئے تعلیمی اداروں کے قیام کے لئے سرکار کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی وفود کو جانکاری دی۔