ادھم پور//محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج کی جانب سے آج ٹکری پنچایت میں گرام سبھا کا انعقاد ہوا۔ گرام سبھا میں ممبر اسمبلی ادھمپور پون کمار گپتا، سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی کفایت حسین رضوی، ناظم رورل سنٹیشن ایم ایم رحمان گھاسی ، جوائنٹ ڈائریکٹر دیہی ترقی چمپا دیوی، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ادھمپور اوم پرکاش ، ایگزیکٹیو انجینئر آر ای ڈبلیو محمود احمد، ضلع پنچایت آفیسر سندیپ سیونترا ، بی ڈی اور ٹکری ادھمپور اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اسی موقعہ پر ایم ایل ادھمپور نے کہا کہ گرام سبھاپنچایت نظام کا ایک اہم جز ہے۔ اُنہوں نے نے کہا کہ گرام پنچایتوں کو زمینی سطح پر مستحکم کرنے سے ترقی کے منازل طے کئے جاسکتے ہیں ۔اس سلسلے میں اُنہوں نے لوگوں سے دستِ تعاون طلب کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو سرکار کی سکیموں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔اجتماع سے خطا کرتے ہوئے کفایت حسین رضوی نے کہا کہ ریاستی سرکار نے کئی فلیگ شِپ سکیمیں متعارف کی ہیں جن میں کئی مرکزی سرکا رکے تعاون سے چلائی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ گرام سبھا کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو اس نظام کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کام کے معیار پر نگاہ رکھیں اور متعلقین کو اپنی آرأ اور تجاویز دیں۔اس سے قبل گرام سبھا میں ترقی سے جڑے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقعہ پر منریگا کے تحت سال 2017-18ء کے لئے 138.50 لاکھ روپے کے مجموعی لاگت والے 110 کاموں کو منظوری دی گئی۔