بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر ہفتے کی شام بٹوٹ کے پیڑہ بائی پاس کے قریب پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ایک بکروال کنبے کی تقریباً 45 بھیڑ بکریاں ہلاک اور پچاس دیگر زخمی ہو گئی ہیں۔ اس حادثے میں کنبے کے تین بچے اور اُن کی ماں بھی زخمی ہوگئی ہیں اور انہیں اتوار کی صبح بٹوٹ ہسپتال سے جموں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ ٹرک زیر نمبر JK21/8337 سانبہ سے بکروال محمد یونس پھامبڑہ اور طارق احمد پھامبڑہ کا ڈیرا اور مال لیکر وادی کشمیر آرہا تھا اور پیڑہ کے نزدیک ٹرک کو روکا گیا اور مال اتارنے کیلئے جگہ تلاش کی جارہی تھی کہ ٹرک اچانک خود ہی سڑک سے لہڑک کر گہری کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے کے وقت ٹرک میں صرف بھیڑ بکریاں اور ایک خاتون اور تین بچے ہی موجود تھے جبکہ باقی سوار مال اتارنے کیلئے جگہ دیکھنے کیلئے نیچے اترے ہوئے تھے۔اس حادثے میں خانہ بدوش کنبے کی تقریبا 45 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں جبکہ دیگر پچاس بھیڑ بکریاں زخمی ہوئی ہیں۔ اس ٹرک میں حادثے کے وقت شکیلہ بانو زوجہ طارق احمد پھامبڑہ انکی پانچ سالہ بیٹی رخسانہ ، تین بیٹا سالہ محمد کیف اور نو مہینے کی مزملہ بانو ساکنہ سانبہ سوار تھیں اور وہ سب ٹرک کے ساتھ نیچے لڑھک گئے اور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور بٹوٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں سے انہیں اتورا کی صبح میڈیکل کالج جموں منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا جہاں اُن کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ ادھر پوگل پرستان میں دس مویشی دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔آگ کی یہ واردات عبداللطیف کمہار ولد محمد کمہار ساکن گجراڑہ ، پوگل پرستان کے رہائشی مکان میں اتوار کی صبح چار پانچ بجے کے قریب اس وقت پیش آئی جب افراد خانہ نزدیک گائوں میں ایک شادی میں گئے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گائوں والوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا اور مکان کو راکھ ہونے سے بچالیا گیا لیکن عبداللطیف کمہار کے گائو خانے میں موجود تمام دس مال مویشی جن میں دو گائے ، دو بیل ، دو بچھڑے اور چار بھیڑ بکریاں اور بارہ مرغے شامل ہیں،دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ایس ایچ او رام سو منیر احمد خان نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں اس کچے مکان کا کچھ حصہ جل گیا ہے اور لوگوں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے اگ کو مزید پھیلنے سے بچالیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پولیس تحقیقات جاری ہے۔