جموں//امرناتھ شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوا ٓفیسر امنگ نرولہ نے گورنر این این ووہرا کو یاترا جائزہ میٹنگ کے دوران جانکاری دی کہ یاترا2017 کے لئے ہیلی کاپٹر ٹکٹوں کی پیشگی بُکنگ 25؍ اپریل صبح 10بجے سے شروع ہوگی۔ایس اے ایس بی نے یو ٹی ائیر انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ اور گلوبل ویکٹر اہلی کارپ لمٹیڈ کے ساتھ نیل گراٹھ،پنجترنی ،نیل گراٹھ سیکٹر کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے جبکہ پہلگام ،پنجترنی اور پہلگام کے لئے امرناتھ یاتریوں کو ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کے لئے ہمالین ہیلی سروسز پرائیویٹ لمٹیڈ کے ساتھ انتظام مکمل کیا ہے۔سی ای او نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ہیلی ٹکٹوں کی آن لائن بُکنگ کے لئے ائیر ٹریفک سروسز ریگولیشنز کے دائرے میں ایس او پیز ترتیب دئیے گئے ہیں ۔یہ ٹکٹیں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی ویب سائٹس www.utair-india.com،www.onlineglobalhelicorp اور www.himalayanheli.com پر دستیاب ہوں گی۔ہیلی ٹکٹوں کی آن لائن بُکنگ کے لئے رہنما خطوط بورڈ کی ویب سائٹ http://www.shriamarnathjishrine.com پر حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ منتخب شدہ ٹراول ایجنٹوں کے ذریعے پیشگی بُکنگ بھی 25؍ اپریل 2017ء کوہی شروع ہوگی۔ہیلی اوپریٹرس نے جموں اور کشمیر صوبوں میں چار چار ایجنٹ منتخب کئے ہیں ۔یاترا 2017 کے لئے نیل گراٹھ ،پنجترنی سیکٹر کیلئے ہیلی کاپٹر کا یکطرفہ کرایہ 1,715/= روپے بشمول تما م ٹیکس مقرر کیا گیا ہے جبکہ پہلگام پنجترنی سیکٹر کیلئے یہ کرایہ 2,950/=روپے مقرر کیا گیا ہے۔ہیلی کاپٹر کی ٹکٹیں بُک کرنے والے خواہشمند افراد کو منتخب شدہ بینک شاخوں پر رجسٹریشن کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔سی ای او نے کہا کہ لازمی ہیلتھ سر ٹیفکیٹ کی غیر موجودگی میں کسی بھی یاتری کو ہیلی کاپٹر پر چڑھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔