مونٹے کارلو//کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال مونٹے کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں پرفیکٹ 10 بنانے سے محض ایک قدم دور رہ گئے ہیں۔ سابق نمبر ایک اور چوتھی سیڈ نڈال نے سیمی فائنل مقابلے میں 10 ویں سیڈ بیلجئیم ڈیوڈ گوفن کو 6۔3، 6۔1 سے ہرایا۔نڈال کے سامنے اب فائنل میں جائنٹ کلرہم وطن کھلاڑی البرٹ راموس ونولاس کا چیلنج ہوگا جنہوں نے ایک اور سیمی فائنل میں 11 ویں سیڈ فرانس کے لوکاس پولي کو 6۔3، 5۔7، 6۔1 سے شکست دی۔ البرٹ راموس نے اب تک حیرت انگیز کارکردگی کی ہے اور فائنل تک اپنے سفر میں وہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی برطانیہ کے اینڈی مرے اور پانچویں سیڈ کروشیا کے مارن سلچ کو ہراچکے ہیں۔ نڈال کو خطابی مقابلے میں ہم وطن کھلاڑی سے محتاط رہنا ہوگا۔ نڈال 11 ویں بار مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں پہنچے ہیں۔یہاں ان کا ریکارڈ نو جیت اور دو ہار کا ہے ۔نڈال کو یہاں واحد ہار 2013 میں نوواک جوکووچ کے ہاتھوں ملی تھی۔مونٹے کارلو ماسٹرز کی تاریخ میں اوپن دور میں یہ چوتھا موقع ہے جب اسپین کے دونوں کھلاڑی فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔ اسپین کے کلے کورٹ کنگ اب تاریخ بنانے سے محض ایک قدم دور ہیں۔ یہاں خطاب جیتتے ہی وہ اوپن دور میں کسی ایک ٹورنامنٹ کو 10 بار جیتنے والے اور 50 کیریئر کلے کورٹ خطاب پورے کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے ۔ جیتنے کی صورت میں یہ نڈال کے کیریئر کا 70 واں اے ٹی پی ورلڈ ٹور خطاب اور 29 واں اے ٹی پی ماسٹرز 1000 خطاب ہو گا ۔