جمیکا، 24 اپریل (یو این آئی) پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں چل رہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن ایک سنگ میل حاصل کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں 10000 رن مکمل کر لیے ہیں۔ وہ اس ریکارڈ تک پہنچنے والے پاکستان کے پہلے کرکٹر ہیں۔ 39 سالہ یونس کو اس میچ سے قبل 10 ہزار ٹیسٹ رن بنانے والے کھلاڑیوں کے ایلیٹ کلب میں شامل ہونے کے لئے 23 رن بنانے تھے اور انہوں نے یہاں آف اسپنر روسٹن چیج کی گیند کو سویپ کرکے چوکا لگاتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اس ٹیسٹ سیریز کے بعد کیریئر کو خیرباد کہنے کا اعلان کرنے والے بلے باز یونس نے 10000 رن 208 اننگز میں پورے کئے اور اس ریکارڈ پر پہنچنے والے وہ دنیا کے 13 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے کیریئر میں 116 ٹیسٹ میں 53 کے اوسط سے رن بنائے ہیں اور اس دوران انہوں نے 34 سنچریاں لگائی ہیں۔ یونس نے 2015 میں انگلینڈ کے خلاف ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے جاوید میاں داد (8832) کا سب سے زیادہ ٹیسٹ رن کا ریکارڈ توڑا تھا۔ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں سرفہرست ہندوستان کے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر براجمان ہیں جنہوں نے 15921 رن بنائے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال کے آغاز میں یونس 11 ممالک کے خلاف سنچری بنانے والوں میں ٹیسٹ تاریخ کے پہلے کھلاڑی بنے تھے ۔ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر 34 ویں سنچری لگاتے ہی انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ سنیل گواسکر، مہیلا جے وردھنے اور برائن لارا کے ساتھ سب سے زیادہ سنچری کے معاملے میں مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر آ گئے تھے ۔یو این آئی