سرینگر//صحت اور طبی تعلیم کی وزیر مملکت نے سوموار کو لل دید اور بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں مریضوں کو دی جا رہی سہولیات کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر کئی محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ اس موقعے پر وزیر موصوفہ کو جانکاری دی گئی کہ ہسپتال انتظامیہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے مناسب افرادی قوت کو کام پر لگایا گیا ہے ۔ آسیہ نقاش نے وارڈوں ، اوپریشن تھیٹروں اور ہسپتال کے دیگر بلاکوں کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ بات کی اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات دستیاب رکھیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ ایل ڈی سرائے پر کام سرعت سے جاری ہے اور 7.16 کروڑ روپے لاگت والی اس عمارت میں 60 کمرے موجود ہوں گے ۔ وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کریں ۔ انہوں نے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات بہم رکھنے کے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔