نئی دہلی// اننت ناگ لوک سبھا سیٹ کے ضمنی الیکشن کو دوبارہ ملتوی کرنے کے ریاستی حکومت کی درخواست کے مدنظر صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کی ایک اعلی سطحی ٹیم یہاں آرہی ہے۔ خیال رہے کہ اننت ناگ سیٹ پر ضمنی الیکشن 25مئی کو ہونا ہے لیکن گذشتہ نو اپریل کو سری نگر لوک سبھا سیٹ پر ضمنی الیکشن کے دوران زبردست تشدد اور اس میں نو افراد کی ہلاکت کے مارے جانے کے مدنظر ریاستی حکومت نے اننت ناگ کا الیکشن ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر درخواست کی ہے ۔ کمیشن کی ٹیم جموں کشمیر میں اپنے دو دن کے قیام کے دوران متعلقہ فریقین سے بات چیت کرکے حالات کا جائزہ لے گی۔ کمیشن نے پہلے اننت ناگ کا الیکشن 12 اپریل کو منعقد کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن سری نگر ضمنی الیکشن میں تشدد کے مدنظر اسے 25 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ازسرنو درخواست کی ہے کہ اس الیکشن کی تاریخ میں توسیع کردے ۔ الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کی اس درخواست کے مدنظر صورت حال کا از سر نو جائزہ لینے کے لئے اپنی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔